09 اکتوبر ، 2022
پاکستان جونیئر لیگ میں بہاولپور رائیلز کی جانب سے کھیلنے والے باسط علی نے اپنے پسندیدہ کرکٹرز بابر اعظم اور ویرات کوہلی سے متعلق بتایا ہے۔
پاکستان جونیئر لیگ کے تیسرے روز ڈیرہ مراد جمالی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر باسط علی نے لیگ کی پہلی سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
انہوں نے بہاولپور رائیلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے گوجرنوالا جائنٹس کے خلاف سنچری اسکور کی، بہاولپور رائیلز کو میچ جیتنے کے لیے 180 رنز کا ہدف ملا تھا، جواب میں باسط علی کی دھواں دھار اننگز کی بدولت بہاولپور رائیلز نے میچ پانچ وکٹوں سے جیتا۔ کرکٹر نے 58 گیندوں پر 102 رنز بنائے اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔
باسط علی نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے اپنی ساری کرکٹ ڈیرہ مراد جمالی میں اپنے کوچ حسین بخش کھوسہ کی نگرانی میں کھیلی ہے اور جو کچھ بھی سیکھا ہے ان سے سیکھا ہے ،باسط علی نے تاریخ ساز سنچری کو اپنے والدین اور کوچ حسین بخش کھوسہ کے نام کیا ہے۔
باسط نے کہا جب 180 رنز کا ہدف ملا تو پلان یہی بنایا کہ خراب گیند ملیں گی توچھوڑنا نہیں، خراب گیند نہیں بھی ملیں تو پھر بھی شاٹس کھیلنے کی کوشش کی اور کامیابی ملی۔
انڈر 19 کرکٹرباسط علی ، باسط علی سینئر سے بھی متاثر ہیں جو جارحانہ انداز میں کھیلنےمیں شہرت رکھتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ کرکٹرز میں انہیں بابر اعظم اور ویرات کوہلی پسند ہیں اور انہیں دیکھتے ہیں، کرکٹر نےکہا کہ دونوں کی کور ڈرائیو مجھے بہت پسند ہے جبکہ ویرات کوہلی کی فلک اچھی لگتی ہے۔
باسط علی نے کہا کہ کوشش ہے کہ اسی طرح کھیلوں، کامیابی ملتی رہے اور پھر پاکستان کی طرف سے کھیلوں۔