Time 09 اکتوبر ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

وہ آسان ٹپس جن سے آپ پرانے اینڈرائیڈ فون کو پھر سے نئے جیسا بناسکتے ہیں

ان ٹپس کے لیے آپ کو بس چند منٹ درکار ہوں گے / رائٹرز فوٹو
ان ٹپس کے لیے آپ کو بس چند منٹ درکار ہوں گے / رائٹرز فوٹو

آپ کا اینڈرائیڈ فون وقت گزرنے کے ساتھ پرانا ہوجاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کی پرفارمنس متاثر ہوتی ہے مگر اچھی بات یہ ہے کہ ان مسائل کی روک تھام ممکن ہے۔

سب سے پہلے تو اپنے فون کی صفائی کا خیال رکھنا ضروری ہے کیونکہ گرد، مٹی اور دیگر کچرا چارجنگ پورٹس اور اسپیکرز میں اکٹھا ہوسکتا ہے۔

اس سے اسمارٹ فون کی زندگی مختصر ہوتی ہے۔

مگر سب سے اہم چیز فون سیٹنگز ہوتی ہیں جن کو ہوسکتا ہے کہ آپ نے پہلے چھوا بھی نہ ہو۔

ہوسکتا ہے کہ یقین کرنا مشکل ہو مگر صرف چند منٹ میں آپ اپنے اینڈرائیڈ فون کی پرفارمنس کو نیا جیسا بناسکتا ہے۔

ایسی ہی چند آسان ٹپس کے بارے میں جانیں جو فون کی کارکردگی کو ٹھیک رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

استعمال نہ کی جانے والی تمام ایپس کو ڈیلیٹ کردیں

ہوم اسکرین یا ایپ drawer میں چند منٹ گزاریں اور ایسی تمام ایپس ڈیلیٹ کریں جن کو آپ استعمال نہیں کرتے۔

یہ ایپس نہ صرف فون کی قیمتی اسٹوریج کو بھرتی ہیں بلکہ ذاتی تفصیلات تک بھی رسائی حاصل کرسکتی ہیں۔

کسی ایپ کو کیسے ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے اس کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ وہ فون کس کمپنی کا تیار کردہ ہے اور یقیناً آپ کو اس کا طریقہ کار معلوم ہوگا۔

پرانی فائلز کی صفائی

پرانی ایپس کو ڈیلیٹ کرنے کے بعد اینڈرائیڈ فونز میں محفوظ فائلز کا بھی جائزہ لیں۔

فائلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد انہیں بھول جانا بہت آسان ہوتا ہے جیسے کسی دوست کی جانب سے بھیجی جانے والی ویڈیو فائل یا دیگر۔

ان فائلز کی تعداد میں وقت کے ساتھ اضافہ ہوتا ہے اور فون کی اسٹوریج بھرنے لگتی ہے۔

سب سے پہلے فون میں ڈاؤن لوڈ فولڈر کو چیک کریں اور پھر اس حوالے سے مختص دیگر فولڈرز کا جائزہ لیں، ضروری فائلز کو گوگل ڈرائیو میں منتقل کردیں جبکہ باقی سب کو ڈیلیٹ کردیں۔

ہوم اسکرین سیٹنگز کو بدل کر فون کو نئے جیسا بنائیں

اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کی ایک خاص بات فون کو کسٹمائز کرنا ہے۔

ایپ آئیکون پیک کو انسٹال کرنے سے لے کر فون لانچر کو بدلنے تک کافی آپشنز دستیاب ہوتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے ہوم اسکرین سیٹنگز میں جانا ہوگا اور وہاں آپ کو متعدد نئے آپشنز مل جائیں گے جس سے فون بالکل نئے جیسا محسوس ہونے لگتا۔

اکثر اینڈرائیڈ فونز میں ہوم اسکرین کے بلینک ایریا کو کچھ دیر تک دبا کر رکھنے کے بعد ہوم سیٹنگز میں جانا ممکن ہوتا ہے تو وہاں جاکر اپنی پسند کی سیٹنگز کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

ڈیوائس سیٹنگز کو بہتر بنائیں

فون کی سیٹنگز میں جاکر آپ بیشتر فیچرز کو بدل سکتے ہیں، مثال کے طور پر ڈارک موڈ سے نہ صرف ایپ سے زیادہ بہتر نظر آنے لگتی ہے بلکہ فون کی بیٹری لائف بھی بڑھ جاتی ہے۔

کچھ فونز میں تو ایپ آئیکونز کو خودکار طور پر ہوم اسکرین پر جانے سے بھی روکنا ممکن ہے۔

پرائیویسی آپشنز پر توجہ مرکوز کریں

فون کی سیٹنگز میں پرائیویسی پر پرمیشنز منیجر میں جائیں اور وہاں موجود ہر کیٹیگری میں جاکر دیکھیں کہ کونسی ایپس ذاتی ڈیٹا کو اکٹھا کررہی ہیں۔

اگر کوئی ایسی ایپ نظر آئے جس کے بارے میں آپ کی خواہش ہو کہ وہ لوکیشن تک رسائی حاصل نہ کرسکے تو اسے ٹرن آف کردیں۔

ایسا ہی کانٹیکٹس، کیلنڈر یا کیمرا کے حوالے سے بھی کیا جاسکتا ہے۔

ان ٹپس کے ذریعے آپ اپنے فون کو نئے جیسا بناسکتے ہیں۔

مزید خبریں :