10 اکتوبر ، 2022
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آڈیو لیکس کے ذریعے پاکستان کی قومی سلامتی کی رازداری کو عالمی سطح پربےنقاب کیا گیا۔
آڈیو لیکس کے معاملے پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا بحیثیت وزیراعظم میرے فون کی محفوظ لائن بگ کی گئی، آڈیو لیکس قومی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
عمران خان نے آڈیو لیکس کو وزیراعظم آفس اور وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی کے لیے سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم لیکس کی صداقت جانچنے کے لیے عدالت جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جےآئی ٹی بنانے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں تاکہ تحقیقات کی جاسکیں کون سی انٹیلی جنس ایجنسی ہے، یہ اس لیے اہم ہے کہ حساس سکیورٹی معاملات غیر قانونی طریقے سے ریکارڈ اور پھر ہیک ہوئے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ آڈیو لیکس سے پاکستان کی قومی سلامتی کی رازداری کو عالمی سطح پربےنقاب کیا گیا ہے۔