مولا جٹ کے کردار ’نوری نتھ‘ میں سیاستدانوں والی کیا بات ہے؟

پاکستان کی میگا بجٹ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ طویل انتظار کے بعد 13 اکتوبر کو ریلیز ہونے جارہی ہے جیو ڈیجیٹل نے فلم میں نوری نتھ کا کردار نبھانے والے حمزہ علی عباسی سے گفتگو کی اور ان سے خصوصی طور پر کردار کے بارے میں پوچھا ہے۔

اداکار حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ اب تک انہوں نے جتنے کردار کیے نوری نتھ کا کردار ان میں سب سے مختلف ہے اور بحیثیت اداکار انہوں نے اس کردار کو انجوائے بھی کیا ہے۔

نوری نتھ کیسا آدمی ہے؟

اس سوال کے جواب پر حمزہ نے کہا کہ نوری ایک دیانتدار انسان ہے جس کو طاقت کا نشہ ہے جیسا کہ ہمارے بہت سے سیاستدانوں کو ہوتا ہے اور انہیں برا بھی نہیں کہتے ہیں، نوری نتھ کسی کے خلاف سازش نہیں کرتا جو ہے سامنے ہے۔

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ فلم میں مولا اور نوری دونوں ایک دوسرے کی طاقت کا نشہ اتارنے کی کوشش کریں گے البتہ کامیابی کسے ہوگی یہ دیکھنے والے بتائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ پشتوفلم کرتے تو انہیں یہ زبان سیکھنے میں 6 سے 7 مہینے لگ جاتے لیکن مولا جٹ کی کاسٹ میں شامل اداکاروں نے مہینے میں پنجابی سیکھی اور خوبصورتی سے اپنے ڈائیلاگ بولے۔

نوری نتھ کے ’گیٹ اپ‘ کے بارے میں اداکار نے کہا کہ سب سے زیادہ مشکل داڑھی اور وگ کے ساتھ پرفارم کرنا تھا کیونکہ لاہور کی گرمی میں داڑھی لگانے کیلئے استعمال ہونے والا گلو پگھل جاتا تھا، کئی مرتبہ ایسا بھی ہوا کہ سین کے دوران داڑھی نکل گئی، میک اپ آرٹسٹ مارام آبرو فوراً آتے داڑھی ٹھیک کرتے اور پھر سین شروع ہوتا تھا۔

ڈراموں میں دوبارہ آنے سے متعلق سوال کے جواب میں حمزہ نے کہا کہ شاید وہ اگلے سال کسی ڈرامے میں نظر آئیں البتہ فلموں میں وہ اسی طرح کا کام کرنا چاہیں گے جو اسلام کے دائرے میں ہو۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود کو دوبارہ سے مسلمان ہونا تصور کرتے ہیں جبکہ فلم کے بعد دسمبر یا جنوری تک ان کی کتاب بھی شائع کردی جائے گی جس پر فی الحال کام جاری ہے۔

مزید خبریں :