Time 15 اکتوبر ، 2022
پاکستان

سندھ حکومت کا بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانےکیلئے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانےکے لیے الیکشن کمیشن کو  ایک اور  خط لکھ دیا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھا گیا یہ تیسرا خط ہے، سندھ حکومت نے ایک بار  پھر بلدیاتی الیکشن 3 ماہ کے لیے ملتوی کرانےکا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہےکہ سیلاب کے باعث متعلقہ پولیس فورس فراہم کرنے سے قاصر ہیں، بلدیاتی انتخابات کے لیے 5,000  پولنگ اسٹیشنز  قائم کیے جائیں گے، 5 ہزار میں سے  1,305 انتہائی حساس اور  3ہزار 688 پولنگ اسٹیشن حساس ہیں (یعنی صرف 7 پولنگ اسٹیشن ایسے ہیں جہاں کوئی خظرے والی بات نہیں)۔

سندھ حکومت کا کہنا ہےکہ بلدیاتی انتخابات کے لیے 39 ہزار 293  پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہے ان میں سے 22 ہزار 507 کی نفری فراہم کرسکتے ، 16ہزار 786 کی کمی کا سامنا ہے۔

خط میں کہا گیا ہےکہ سیلاب متاثرین کراچی کے مختلف اضلاع کے ٹینٹ سٹی میں رہائش پذیر ہیں، ملیرکے جن اسکولوں میں سیلاب متاثرین ہیں وہ مجوزہ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔

خیال رہے کہ  الیکشن کمیشن نے کراچی میں 23 اکتوبرکو بلدیاتی انتخابات کرانےکا اعلان کر رکھا ہے اور سندھ حکومت الیکشن ملتوی کرنےکے لیے اس سے قبل بھی 2 مرتبہ  خط لکھ چکی ہے تاہم الیکشن کمیشن صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کرچکا ہے۔

مزید خبریں :