17 اکتوبر ، 2022
الیکشن کمیشن نےکراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے وفاق سے سکیورٹی اہلکار فراہم کرنے سے متعلق جواب مانگ لیا۔
اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق غورکیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکام الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کہتی ہے کہ 16ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی کمی ہے، وزارت داخلہ سے استفسار کیا گیا کہ کیا وہ 16 ہزار سکیورٹی کی نفری دے سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزارت داخلہ نے جواب دینےکے لیےکل تک مہلت مانگ لی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی بلدیاتی انتخابات پر الیکشن کمیشن کا اجلاس کل دوبارہ ہوگا۔
خیال رہےکہ الیکشن کمیشن نےکراچی میں 23 اکتوبرکو بلدیاتی انتخابات کرانےکا اعلان کر رکھا ہے جب کہ سندھ حکومت انتخابات ملتوی کرنےکے لیے 3 مرتبہ الیکشن کمیشن کو خط لکھ چکی ہے تاہم الیکشن کمیشن صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کرچکا ہے۔