Time 18 اکتوبر ، 2022
پاکستان

الیکشن کمیشن نےکراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہر ممکن کوشش کی ، وزارت داخلہ نے مطلع کیا کہ پولیس نفری کی کمی کے پیش نظر فوج اور رینجرز پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی نہیں دے سکتے: الیکشن کمیشن/ فائل فوٹو
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہر ممکن کوشش کی ، وزارت داخلہ نے مطلع کیا کہ پولیس نفری کی کمی کے پیش نظر فوج اور رینجرز پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی نہیں دے سکتے: الیکشن کمیشن/ فائل فوٹو

الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے۔

چیف الیکشن کمشنر  کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس  میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غور کیا گیا اور  سندھ حکومت کے مؤقف کو بھی زیر غور لایا گیا۔

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے مؤقف اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر کراچی میں  بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کردیا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ کمیشن نےکراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہر ممکن کوشش کی، بلدیاتی انتخابات کے لیے گزشتہ روز سیکرٹری وزارت داخلہ سے میٹنگ کی گئی، وزارت داخلہ سے انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے فوج اور رینجرز کی فراہمی یقینی بنانے کا کہا تھا، وزارت داخلہ نے مطلع کیا کہ پولیس نفری کی کمی کے پیش نظر فوج اور رینجرز پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی نہیں دے سکتے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تحریری طور پر بتایا گیا کہ فوج اور رینجرز بطور کوئیک رسپانس فورسز دستیاب ہوں گے، سندھ حکومت نے بتایا تھا کہ کراچی کے اکثر پولنگ اسٹیشنز یا تو حساس یا انتہائی حساس ہیں لہٰذا الیکشن کمیشن کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کہ فی الحال انتخابات ملتوی کردیے جائیں۔

کراچی میں الیکشن کے فیصلے سے متعلق اجلاس 15 روز بعد دوبارہ ہوگا۔

خیال رہےکہ پولیس نفری کی کمی کی وجہ سے سندھ حکومت نے 3 ماہ تک الیکشن ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی،کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو ہونا تھے۔

مزید خبریں :