Time 19 اکتوبر ، 2022
کھیل

بھارتی ٹیم کے ورلڈکپ سیمی فائنل کھیلنے کے زیادہ چانس نہیں،کپل دیو کی پیش گوئی

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میلہ آسٹریلیا میں جاری ہے، ٹورنامنٹ کے شروع ہونے سے قبل ہی سابق کرکٹرز نے مختلف پیشگوئیاں کردی تھیں۔

پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کے بعد گزشتہ روز بھارتی لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے حوالے سے پیشگوئی کی تھی۔

تاہم اب بھارت کو پہلا ورلڈکپ جتوانے والے سابق کپتان کپل دیو نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے بھارتی ٹیم کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اپنےایک بیان میں کپل دیو نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہنچنے کے صرف 30 فیصد چانسز ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کپل دیو نے لکھنؤ میں ایک تقریب میں کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک میچ جیتنے والی ٹیم اگلا میچ ہار سکتی ہے، بھارت کے ورلڈ کپ جیتنے کے امکانات کے بارے میں بات کرنا بہت مشکل ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ کیا وہ ٹاپ فور میں جگہ بنا سکے گا؟ اور میں اس حوالے سے فکر مند ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت سیمی فائنل میں پہنچ جائے تو ہی میں کوئی واضح  پیش گوئی کرسکتا ہوں ،لیکن میرے خیال سے صرف 30 فیصد چانس ہے کہ بھارتی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائے۔

البتہ کپل دیو نے کہا کہ بھارت کے پاس اچھی  بیٹنگ لائن ہے جس میں ویرات کوہلی، روہت شرما اور کے ایل راہول جیسے بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جارہے ہیں، ٹورنامنٹ کے لیے کُل 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے کے اختتام پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا جبکہ پاکستان اور بھارت 23 اکتوبر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔

مزید خبریں :