Time 22 اکتوبر ، 2022
پاکستان

عمران خان کو نااہل قرار دینے کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنان سراپا احتجاج بن گئے، قومی شاہراہیں بلاک کردیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے خلاف شیخوپورہ میں پی ٹی آئی کارکنان نے چوک یادگار میں وزیر قانون پنجاب چوہدری خرم شہزاد ورک کی رہنمائی میں احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے لاہور سرگودھا روڈ بلاک کر دیا۔

حافظ آباد میں ضلعی صدر عمران عباس بھٹی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اوکاڑہ میں بائی پاس پر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے روڈ بند کر کے ٹریفک بلاک کر دی، عارف والا، پاکپتن اور چیچہ وطنی میں بھی احتجاج مظاہرے کرتے ہوئے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

ساہیوال میں ویو چوک پر احتجاج کے باعث قومی شاہراہ پر لاہور ملتان ٹریفک معطل کر دی گئی، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا دوسری جانب اوکاڑہ میں میاں خرم وٹو اور ایم پی اے صمصام بخاری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، پتوکی میں پی ٹی آئی کارکنان نے ملتان روڈ بلاک کردیا جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

چونیاں میں کارکنوں نے قصور دیپالپورروڈ بند کر دیا، چوک الہ اباد میں صوبائی وزیر آبپاشی ہاشم ڈوگر کی قیادت میں احتجاج کیا گیا جبکہ قصور و لاہور سے اوکاڑا ملتان جانے والی ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی گئی۔  

مزید خبریں :