22 اکتوبر ، 2022
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ کے دو تین کھلاڑی ایسے ہیں جو جلد قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا آئیڈیل تو یہی ہے کہ پی ایس ایل کی ایمرجنگ کٹگری میں جونئیر لیگ کے پرفارمر کھیلیں لیکن اگر پی ایس ایل میں انہیں موقع نہیں بھی دیا جاتا تو ان کے پاس کئی ایک مواقع ہیں، انڈر 19 سیریز کے علاوہ انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلیں گے اور فرسٹ کلاس الگ کیرئیر ہے، میں کہتا ہوں کہ اب اگر 10 سال کے بچے نے بھی کرکٹ کو پروفیشن بنانا ہے تو اس کے پاس کئی آپشنز ہیں۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ پاکستان جونئیر لیگ کو دو تین سال دیں یہ ورلڈ کلاس پراڈکٹ پیدا کرے گی، پاکستان جونئیر لیگ دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی لیگ ہے جس کا مقصد بچوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا تھا تاکہ وہ ایک دوسرے سے سیکھیں، اس طرح کی لیگ سے نوجوان کھلاڑیوں کو پریشر میں کھیلنے کی عادت پڑے گی اور کھلاڑیوں میں اعتماد آیا۔
انہوں نے کہا کہ پی جے ایل میں دو تین بیٹرز ایسے ہیں جو جلد پاکستان کی نمائندگی کریں گے، بولنگ میں بھی ٹیلنٹ ہے، مڈل آرڈر میں مسائل ہیں پتہ نہیں مڈل آرڈر کو کیا نظر لگی ہوئی ہے، مڈل آڈرز بھی جلد سیکھ جائیں گے، پہلا سال مشکل ہوتا ہے۔