Time 22 اکتوبر ، 2022
کھیل

میلبرن: پاک بھارت پریکٹس سیشن دیکھنے ہزاروں لوگ امڈ آئے

فوٹو: اسکرین شاٹ/@PaktvPk
فوٹو: اسکرین شاٹ/@PaktvPk

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ چاہے دنیا کے جس کونے میں ہوں کرکٹ سے محبت کرنے والے انہیں سپورٹ کرنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں، آج ملیبرن میں بھی پاک بھارت پریکٹس سیشن کو دیکھنے شائقین کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائےگا تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا دارومدار موسم کی صورتحال پر ہے، اتوار کے روز  بارش کے باعث میچ متاثر ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم میلبرن میں آج موسم میں تبدیلی آئی ہے اور دھوپ نکل پڑی ہے جس سے بارش کے امکان میں کچھ کمی ہوئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے سپورٹرز پرامید ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کل میچ ضرور ہو گا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا مقابلہ دیکھنےکو ملےگا۔

ٹی ٹوئنٹی میچ کی کوریج کے لیے آسٹریلیا میں موجود پاکستانی صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ  بھارت میں سورج کی پوجا کی جاتی ہے اور بارش کی پیشگوئی کے بعد بھارت میں لوگوں نے دعا کرنا شروع کردی کہ اتوار کو سورج نکل آئے ، آج کا بھی کہا جارہا تھا کہ بارش ہوگی اور پریکٹس نہیں ہوسکے گی۔

بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ آج ہلکی سی بارش ہوئی اور اب مکمل دھوپ ہے، دونوں ٹیموں نے آج ٹریننگ کی جوکہ کل تک موسم کے باعث مشکل نظر آرہا تھا، اس دوران شائقین کی بڑی تعداد  پریکٹس سیشن دیکھنے کے لیے  آگئی، اس موقع پر پاکستانی صحافی کا کہنا تھا کہ کم ازکم 2 سے 3 ہزار پاکستانی اور بھارتی شائقین صرف پاک بھارت پریکٹس سیشن کو دیکھنے کے لیے آگئے۔

بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ شائقین کے جوش و خروش کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کل کے میچ میں کتنا جوش ہوگا۔

مزید خبریں :