27 اکتوبر ، 2022
کراچی: کے ایم سی حکام نے شہر کے 4 اضلاع سے وصول کی جانے والی پارکنگ فیس کی آمدن کی تفصیلات عدالت میں پیش کردیں۔
سندھ ہائیکورٹ میں غیر قانونی پارکنگ فیس وصولی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس میں کراچی میٹروپولیٹن (کے ایم سی) نے شہر کے 4 اضلاع کی گاڑیوں کی پارکنگ کی رپورٹ پیش کی۔
کے ایم سی کی رپورٹ کے مطابق ضلع ایسٹ، ساؤتھ، سینٹرل اور کورنگی میں موٹر سائیکل اور کار پارکنگ سے سالانہ ساڑھے 8 کروڑ آمدنی ہوتی ہے، موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 10 روپے اور کار کی پارکنگ فیس 30 روپے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایسٹ، ساؤتھ، سینٹرل اور کورنگی میں روز اوسطاً 6214 موٹرسائیکلیں پارک ہوتی ہیں، چاروں اضلاع میں موٹر سائیکل پارکنگ کی مد میں روز 62 ہزار روپے آمدنی ہوتی ہے جب کہ ان چاروں اضلاع میں کار پارکنگ کی مد میں یومیہ ایک لاکھ روپے اوسطاً آمدنی ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ضلع ساؤتھ میں یومیہ اوسطاً ایک ہزار اور ضلع ایسٹ میں یومیہ 2041 کاریں پارک ہوتی ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کو رپورٹ کی روشنی میں دلائل کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔