28 اکتوبر ، 2022
پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جس سے پرواز کو خطرات لاحق ہوتے ہیں اور بعض اوقات ہنگامی لینڈنگ کی ضرورت بھی پیش آتی ہے لیکن اب ان واقعات پر قابو پانے کے لیے ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیدر لینڈز نے پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک حل نکالا ہے جس میں ایک روبوٹ فالکن کی مدد لی گئی ہے۔
ائیرپورٹ وائلڈ لائف مینجمنٹ ٹیم کی جانب سے روبوٹ فالکن کی مدد سے ائیر پورٹ کے احاطے سے پرندوں کو ڈرا کر بھگایا جارہا ہے۔
یہ روبوٹ فائبر سے بنایا گیا ہے جس کے پر 70 سینٹی میٹر کے ہیں اور یہ ایک زور دار آواز نکالتا ہے، اس کے علاوہ فالکن کے پروں میں کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں جب کہ اس کا مجموعی وزن ایک کلو سے کم ہے۔
اس سے قبل سال 2019 میں بھی نیدر لینڈز کے شہر ورکم میں اس منصوبے کا کامیاب تجربہ کیا گیا جس میں روبوٹ فالکن نے اپنی 5 منٹ کی اڑان میں 70 سیکنڈز میں 50 فیصد حصے سے پرندوں کے جھنڈ کو بھگایا تھا۔
ایک رپورٹ کے مطابق اس تجربے میں روبوٹ فالکن ڈرون کے مقابلے میں زیادہ کارآمد ثابت ہوا ہے۔