Time 18 فروری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

میٹا کا دنیا کی طویل ترین زیرسمندر کیبل بچھانے کے منصوبے پر کام کرنے کا اعلان

میٹا کا دنیا کی طویل ترین زیرسمندر کیبل بچھانے کے منصوبے پر کام کرنے کا اعلان
ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے اس منصوبے کا اعلان کیا / اسکرین شاٹ

میٹا نے دنیا کی طویل ترین زیرسمندر انٹرنیٹ کیبل بچھانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد امریکا، بھارت، جنوبی افریقا، برازیل اور دیگر خطوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرنا ہے۔

سوشل میڈیا کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ پراجیکٹ واٹر ورتھ کے تحت 50 ہزار کلومیٹر طویل زیرسمندر کیبل لائن کو بچھایا جائے گا۔

یعنی یہ لمبائی زمین کے مجموعی گھیر سے بھی زیادہ طویل ہے۔

میٹا کے مطابق یہ کیبل لائن 24 فائبر پیئر سسٹم پر مبنی ہے تاکہ صارفین کو بہترین اسپیڈ مل سکے جبکہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پراجیکٹس کو سپورٹ بھی فراہم کی جاسکے۔

کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ پراجیکٹ واٹر ورتھ امریکا، بھارت، برازیل، جنوبی افریقا اور دیگر اہم خطوں کو ایک دوسرے سے جوڑے گا۔

بلاگ کے مطابق یہ پراجیکٹ بہترین اقتصادی تعاون کو فروغ دے گا اور ان خطوں میں ٹیکنالوجیز کو پھیلانے کے لیے مواقع کھل جائیں گے۔

میٹا نے مزید بتایا کہ ہم نے گزشتہ دہائی کے دوران متعدد شراکت داروں کے ساتھ ملکر 20 سے زائد زیرسمندر کیبلز لائنز کے منصوبے مکمل کیے۔

واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر کا 95 فیصد سے زیادہ انٹرنیٹ ٹریفک زیرسمندر کیبلز کے باعث کام کرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ جغرافیائی تنازعات یا تناؤ کے باعث ان کے ہدف بننے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

بلاگ پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ واٹر ورتھ سے ممالک کی اقتصادی ترقی کی رفتار بڑھ جائے گی اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا۔

مزید خبریں :