21 فروری ، 2025
بھارتی فلموں کےلیے چند روز میں کروڑوں کا بزنس عام سی بات ہے کیوں کہ یہ فلمیں سیکڑوں کروڑ حتیٰ کہ اربوں روپے کی لاگت سے تیار کی جاتی ہیں تاہم اتنی لاگت کے باوجود اگر کوئی فلم فلاپ ہوجائے تو یہ صورتحال سرمایہ کاروں کیلئے کسی دیوالیے سے کم نہیں۔
جنوبی بھارت کے اسٹار اداکار رام چرن کی فلم ’گیم چینجر‘ 2025 کی ایک ایسی ہی مہنگی ترین لیکن فلاپ فلم ثابت ہوئی جسے اب رواں برس کی پہلی فلاپ فلم قرار دیا گیا ہے۔
یہ مشہور ہدایتکار شنکر کی تیلگو فلموں میں پہلی انٹری تھی جسے دل راجو نے پروڈیوس کیا، فلم میں اداکار رام چرن ’آر آر آر‘ کے بعد پہلی بار سولو ہیرو کے طور پر جلوہ گرہوئے ،فلم میں اداکار رام چرن کے ساتھ کیارا ایڈوانی نے مرکزی کردار ادا کیا، فلم نے بڑے پیمانے پر جوش و خروش پیدا کیا لیکن اس کے باوجود باکس آفس پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم’ گیم چینجر‘ 400 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ سے تیار کی گئی تھی اور فلم کے گانوں کی تیاری پر ہی 75 کروڑ بھارتی روپے خرچ کیے گئے ۔
اس کے باوجود باکس آفس پر فلم کی آمدنی 131 کروڑ بھارتی روپے رہی جس میں سے فلم نے 89 کروڑ بھارتی روپے تیلگو ورژن سے کمائے جبکہ فلم کو دہلی اور ممبئی میں بڑے پیمانے پر پروموٹ کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود فلم کا ہندی ورژن صرف 32 کروڑ ہی کما سکا اور فلم اپنے بجٹ کا 50 فیصد بھی کمانے میں ناکام رہی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے پروڈیوسر دل راجو نے ممبئی میں فلم کے ٹریلر لانچ پر بتایا تھا کہ ’فلم میں 5 گانے ہیں جن کا بجٹ 75 کروڑ روپے ہے، ہر گانے کی شوٹنگ میں بڑے سیٹس اور سیکڑوں بیک گراؤنڈ ڈانسرز کا استعمال کیا گیا اور شوٹنگ میں 10-12 دن لگے ‘۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ ناظرین اس بات سے متفق ہیں کہ فلم کے گانوں کو شاندار انداز میں فلمایا گیا لیکن کیا اس کے باوجود ایک گانا ہی فلم میں اتنی اہمیت کا حامل ہوسکتا ہے؟
دوسری جانب فلم کے ناقدین کا ماننا ہے کہ فلم کی کہانی کمزور تھی کیوں کہ اس کی تیاری کیلئے صرف بڑے بجٹ، شاندار مناظر اور خوبصورت سیٹس پر توجہ دی گئی۔
ناقدین کے مطابق فلم کے ڈائریکٹر شنکر ہمیشہ اپنی فلموں میں بڑے پیمانے پر کہانی اور جذبات کا توازن رکھتے ہیں لیکن اس بار وہ صرف چمک دمک پر انحصار کرتے نظر آئے۔