کھیل
02 دسمبر ، 2012

قومی ٹی 20 کرکٹ: کراچی ڈولفنز، لاہور ایگلز، لائنز، سیالکوٹ کامیاب

قومی ٹی 20 کرکٹ: کراچی ڈولفنز، لاہور ایگلز، لائنز، سیالکوٹ کامیاب

لاہور … قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغازہوگیا ، پہلے دن چھ میچز کھیلے گئے ، کراچی ڈولفنز، لاہور ایگلز، لاہور لائنز، سیالکوٹ اسٹالینز ، ملتان ٹائیگرز اور بہاولپور اسٹیگز نے اپنے میچز جیت لئے۔ لاہور میں کھیلے جارہے قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں بہاولپور اسٹیگز نے راولپنڈی ریمز کو 19 رنز سے شکست دی، بہاولپور نے 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 173 رنز بنائے، عمران اللہ اسلم کو جارحانہ 89 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کراچی ڈولفنز کا مقابلہ پشاور پینتھرز سے ہوا کراچی کی ٹیم نے 7 وکٹ پر 164 رنز بنائے، 165 رنز کے تعاقب میں پشاور کی ٹیم 124 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی، کراچی ڈولفنز نے 40 رنز کے بھاری مارجن سے فتح پائی، شاہد آفریدی 50 رنز بنانے کے بعد ایک وکٹ لے کر مین آف دی میچ رہے۔ ملتان ٹائیگرز نے کوئٹہ بیئرز کو باآسانی 10 وکٹ سے شکست دے دی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ کی ٹیم محض 72 رنز بناسکی، 73 رنز کا ہدف ملتان نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کرلیا، فاتح ٹیم کے محمد عرفان کو 8 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایک اور میچ میں اسلام آباد لیوپرڈز کا مقابلہ دفاعی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینز سے ہوا، لیوپرڈز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 122 رنز بنائے جواب میں سیالکوٹ نے ہدف 16 ویں اوور میں صرف 2 وکٹیں کھو کر حاصل کرلیا، عمران نذیر نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر مین آف میچ ایوارڈ اپنے نام کیا۔ لاہور ایگلز نے حیدر آباد ہاکس کے خلاف 58 رنز سے فتح حاصل کی ، ایگلز نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر آج کا سب سے بڑا مجموعہ 224 رنز بورڈ پر سجایا، عمران فرحت نے 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ ایوارڈ پایا، توفیق عمر 65 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے، حیدر آباد کی ٹیم 5 وکٹ پر 166 رنز بناسکی، شرجیل خان 103 رنز ناٹ آوٴٹ بنا کر بھی اپنی ٹیم کو نہ جتواسکے۔ ٹورنامنٹ کے چھٹے میچ میں لاہور لائنز نے کراچی زیبراز کو 7 وکٹ سے شکست دی۔ زیبراز 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 141 رنز بناسکے، فہد اقبال 59 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ لاہور لائنز نے محمد حفیظ اور عمر اکمل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت میچ جیت لیا، دونوں کے درمیان 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی، میچ آف دی میچ کے حقدار لائنز کے کپتان 53 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے، لائنز نے ہدف 19 ویں اوور میں 3 وکٹ پر حاصل کیا۔

مزید خبریں :