30 اکتوبر ، 2022
کراچی میں ڈی آئی جی ساؤتھ کے حکم پر مچھر کالونی میں ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کو تشدد کر کے قتل کرنے کے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے بعد تشدد میں ملوث ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا
ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کو تشدد کرکے ہلاک کرنے والے ملزمان کی تلاش میں مچھر کالونی میں جنگل سائیڈ کے علاقے میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران پولیس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلہ میں ایک مسلح ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کی شناخت محمد شریف عرف شرفو کے نام سے ہوئی، گرفتار زخمی ملزم کو فوٹیجز میں نجی ٹیلی کام کمپنی کے ملازمین پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران پولیس پر حملہ کرنے والے دیگر مسلح ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے مقدمے میں نامزد ملزمان کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، اب تک مقدمے میں مطلوب 37 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس میں زخمی ملزم سمیت 6 ملزمان مقدمے میں نامزد ہیں۔