03 نومبر ، 2022
گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 4 رہنما زخمی ہوگئے۔
اس واقعے کے خلاف کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 10 مقامات پر دھرنا اور احتجاج شروع کردیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شارع فیصل پر نرسری کے مقام پر احتجاج کیا جا رہا ہے جبکہ حب ریور روڈ پر شنواری ہوٹل کے قریب احتجاج جاری ہے۔
اس کے علاوہ مواچھ گوٹھ میں ڈبہ موڑ کے قریب نادرن بائی پاس کو بند کردیا گیا ہے۔نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔
شاہ فیصل کالونی سے کورنگی جانے والی شاہراہ پر باغ کورنگی کے قریب احتجاج جاری ہے۔ نیشنل ہائی وے پر منزل پمپ کے قریب احتجاج جاری ہے جبکہ قائد آباد میں مرغی خانہ کے قریب پی ٹی آئی کا احتجاج جاری ہے۔
کورنگی میں سنگر چورنگی، ویٹا چورنگی اور راشد منہاس روڈ میں ملینیم چوک پر احتجاج ختم کردیا گیا ہے، تینوں مقامات پر سڑکوں کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
سہراب گوٹھ میں الاصف اسکوائر کے قریب بھی پی ٹی آئی کا احتجاج ختم ہوگیا ہے اور سپر ہائی وے کے دونوں ٹریک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
کراچی میں شارع فیصل کے دوسرے ٹریک کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے، ائیر پورٹ سے صدر اور صدر سے ائیرپورٹ جانے والے شارع فیصل کے ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔