03 نومبر ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر آج گجرانوالہ میں قاتلانہ حملے کے بعد لاہور میں موجود آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے حوالے سے آئرش کرکٹ بورڈ کا بیان سامنے آگیا ہے۔
آئر لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے جہاں ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی۔
کرکٹ آئر لینڈ کا کہنا ہے کہ ہم سابق وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے پیش آنے والے واقعہ سے آگاہ ہیں، یہ واقعہ لاہور سے تقریباً 150 کلومیٹر دور پیش آیا۔
کرکٹ آئر لینڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم پی سی بی ، ملک میں سیکورٹی ایڈوائزرز اور ڈپلومیٹک سروسز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے کرکٹ آئر لینڈ کے چیف ایگزیکٹو ویرن ڈیوٹرم اور منیجر بیتھ ہیلی سے براہ راست بات کی ہے۔
کرکٹ آئر لینڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تازہ واقعہ کے بعد تھریٹ لیول میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، آئر لینڈ ویمن اسکواڈ کو تمام صورتحال کے بارے آگاہ کیا گیا ہے۔ دورے کے دوران سیکورٹی کے جو اقدامات کیے گئے ہیں ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اگر حالات میں تبدیلی ہوئی تو مزید اپ ڈیٹ فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے پاکستان اور آئر لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔