Time 03 نومبر ، 2022
کھیل

پاکستان کا اسپن اٹیک اچھا ہے جسے کھیلنے کیلئے کام کررہے ہیں: آئرش ویمن کرکٹر

ہماری ٹیم کی زیادہ تر کھلاڑی پہلی مرتبہ اس خطے میں آئی ہیں، کنڈیشنز مختلف ہیں لیکن ہم سب یہاں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں: لیہا پال کی جیونیوز سےگفتگو/ فوٹو جیونیوز
ہماری ٹیم کی زیادہ تر کھلاڑی پہلی مرتبہ اس خطے میں آئی ہیں، کنڈیشنز مختلف ہیں لیکن ہم سب یہاں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں: لیہا پال کی جیونیوز سےگفتگو/ فوٹو جیونیوز

آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کو لاہور میں مختلف کنڈیشنز کا سامنا ہے لیکن مہمان کھلاڑی کنڈیشنز سے جلد از جلد ہم آہنگ ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔

آئر لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی اسپنر لیہا پال نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ کنڈیشنز کا عادی ہونے کے لیے ہم انجوائے کررہے ہیں، ہمیں یہاں جو تجربہ مل رہا ہے ہم سب اس سے لطف اندوز ہورہے ہیں، ہماری ٹیم کی زیادہ تر کھلاڑی پہلی مرتبہ اس خطے میں آئی ہیں، کنڈیشنز مختلف ہیں لیکن ہم سب یہاں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

آف اسپنر نے کہا ہمارا فوکس یہ ہے کہ پہلے میچ سے قبل موسم سے ہم آہنگ ہو جائیں، مختلف کنڈیشنز میں کھیلنا ایک چیلنج ہوتا ہے لیکن میں سمجھتی ہوں کہ یہاں کھیلنے سے ہماری ڈیولپمنٹ ہوگی، ہمارا کھیل بہتر ہو گا اور کیرئیر میں اس کا فائدہ ہوگا۔

لیہا پال کا کہنا تھاکہ ماضی میں پاکستان ٹیم کے خلاف کھیلنے کا موقع مل چکا ہے، ہمیں اندازہ ہے کہ پاکستان کا اسپن اٹیک اچھا ہے، اس لیے ہم اسپن اٹیک کو کھیلنے پر کام کررہے ہیں،ہم منتظر ہیں کہ پاکستانی پچز پر کھیلنا کیسا ہے، باؤنس کتنا ہے، اس کے لیے ہم جتنا جلد ہو سکے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے پاکستان اور آئر لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :