05 نومبر ، 2022
لاڑکانہ میں ایک ہی دن اے ایس آئی سمیت 3 پولیس اہلکاروں کے اکاؤنٹ میں 15 کروڑ روپے منتقل ہوگئے۔
اے ایس آئی سمیت پولیس اہلکاروں کے اکاؤنٹ میں 5،5 کروڑ روپے منتقل ہوئے، اے ایس آئی نثار احمد آریجا تھانے میں ہیڈ محرر تعینات ہے جب کہ اہلکار سدھیر کلہوڑو پولیس لائن لاڑکانہ میں نائب محرر تعینات ہے اور پولیس اہلکار علی رضا ون فائیو لاڑکانہ میں تعینات ہے۔
اے ایس آئی نثار احمد کے مطابق بینک سے ایس ایم ایس موصول ہوا کے اکاؤنٹ میں 5 کروڑ روپے منتقل ہوئے ہیں۔
پولیس اہلکار سدھیر کلہوڑو کا کہنا ہےکہ وہ بینک سے تنخواہ نکلوانےگیا تو اکاؤنٹ میں 5 کروڑ روپے پڑے تھے۔
اہلکار علی رضا تنیو کے مطابق اس کے اکاؤنٹ میں 83 ہزار روپے موجود تھے پتا نہیں کیسے 5 کروڑ روپے آگئے۔
تینوں افرادکا کہنا ہےکہ ہمارا ان پیسوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، اعلیٰ حکام ہمارے اکاؤنٹ میں منتقل پیسوں کا نوٹس لیں۔
رپورٹ کے مطابق اے ایس آئی کا تعلق لاڑکانہ شہر جب کے پولیس اہلکاروں کا تعلق لاڑکانہ کی تحصیل باقرانی سے ہے۔
ترجمان لاڑکانہ پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی جانچ کے دوران تینوں پولیس آفیشلز کا مؤقف ہے کہ وہ اس بات سے لاعلم ہیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں اس رقم کی منتقلی کہاں سے ہوئی اور ان کا اس رقم کی ملکیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ معاملے کی مکمل جانچ کے لیے متعلقہ پولیس آفیشلز کے تمام کوائف ان کے بینکس کو بھجوا کر متعلقہ بینکس سے تفصیلی رپورٹ لی جائےگی۔