Time 06 نومبر ، 2022
کھیل

پاکستان ویمنز ٹیم کا ہمیں چیلنج کرنا اچھا ہے، آئرش آل راؤنڈر

فوٹو: جیونیوز
فوٹو: جیونیوز

آئر لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر آرلینی کیلی کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز میں پاکستان ویمنز ٹیم ہمیں چیلنج کر رہی ہے یہ ہمارے لیے اچھا ہے ۔ ہم سیکھ رہی ہیں ، ہمارے کھیل میں بہتری آئے گی۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں آئر لینڈ ویمنز کو 9 وکٹوں سے شکست دی ۔ آئر ش ٹیم نے پاکستان ویمنز کو 195 رنز کا ہدف دیا ۔ ایک موقع پر آئرش ٹیم کی 7 وکٹیں 122 رنز پر گر چکی تھیں لیکن 8 ویں وکٹ کے لیے وکٹ کیپر بیٹر میری ویلڈرون اور آل راؤنڈر آرلینی کیلی کے درمیان 60 رنز کی پارٹنر شپ رہی ۔ آرلینی کیلی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔

آئرش آل راؤنڈر نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ہمیں یہاں آئے ہوئے ایک ہفتہ ہو گیا ہے ۔ ہم کنڈیشنز سے ایڈ جسٹ کر رہی ہیں۔ پہلے میچ کے مقابلے میں کئی شعبوں میں بہتری آئی ہے ،آنے والے میچز میں مزید بہتری آئے گی اور اچھا کھیلیں گی ۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ دوسرے میچ میں بھی ہمارے ایک ٹف ڈے تھا لیکن اس میچ سے بھی سیکھا ہے ۔ پاکستان ٹیم کی ورلڈ کلاس ٹیم ہے اسے یہاں کی کنڈیشنز میں تسلسل کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ ہے ۔ پاکستان ٹیم ہمیں چیلنج کر رہی ہے ہم یہی چاہتے تھے کہ ہماری صلاحیتیوں کا امتحان ہو ۔ہمیں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے جو کہ اچھا ہے اس سے ہمارے کھیل میں بہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ شاندار جا رہا ہے۔

مزید خبریں :