Time 07 نومبر ، 2022
پاکستان

کراچی میں پہلے آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کراچی ائیرپورٹ کے قریب لیز  پر دی گئی اراضی پر شہر کے پہلے آئی ٹی پارک کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں اہم سیاسی سرکاری اور سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔ 

آئی ٹی پارک کے لیے زمین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 30 سال کے لیے لیز  پر دی ہے، لیز کو مزید 20 سال کے لیے بڑھایا جاسکےگا۔

 فیڈرل منسٹر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام امین الحق، منسٹر آئی ٹی سندھ تنزیلہ ام حبیبہ، چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت اور  ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

ان کے علاوہ  ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سی اے اے ائیر وائس مارشل تیمور اقبال بھی تقریب میں شریک تھے، جاپان، جنوبی کوریا، انڈونیشیا، سری لنکا سمیت درجن سے زائد قونصل جنرلز بھی خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوئے۔ 

تقریب کا انعقاد منسٹری آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے کیا۔ 

آئی ٹی پارک کے لیے کورین بینک نے 180 ملین ڈالر گرانٹ دی ہے، پارک 760 ہزار اسکوائر فٹ پر محیط ہوگا۔

تقریب میں "انفرا اسٹرکچر آئی ٹی انڈسٹری کی ضرورت" پر پینل ڈسکشن بھی ہوئی، شرکاء نے آئی ٹی انفرااسٹرکچرکے حوالے سے کراچی میں مسائل پر بحث کی۔ 

شرکاء نےکراچی کے آئی ٹی پوٹینشل کو ٹیپ کرنےکے لیے انفرااسٹرکچر کو ناگزیر قرار دیا، شرکاء نے سی اے اے کی جانب سے زمین لیز پر فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔ 

سفیر جنوبی کوریا نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سے آئی ٹی کے شعبے میں تعاون جاری رہے گا، کراچی میں خطے کا آئی ٹی مرکز بننے کی صلاحیت ہے، دنیا آئی ٹی انقلاب کے دور سے گزر رہی ہے۔

 تقریب سے وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم کا ویژن ہے۔

 وفاقی وزیر نے زمین فراہم کرنے پر سی اے اے کے تعاون پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ 3 سال میں دیہی سندھ میں 70 کے لگ بھگ پراجیکٹس شروع کیے ہیں، 16 ارب روپے سے اندرون سندھ تقریباً 20 نئے منصوبے شروع کیے ہیں۔

وفاقی وزیر سید امین الحق نےکہا کہ ہم نے موبائل فون مینوفیکچرنگ پالیسی بنائی ہے، آج پاکستان میں 29 اسمارٹ فون کمپنیاں ہیں، آئی ٹی ایکسپورٹ 2 سال میں 40 فیصد بڑھی ہے،  پاکستان کی 44 منسٹریز کاغذ کے استعمال سے پاک یعنی پیپر لیس ہیں، منسٹری آف آئی ٹی پارلیمنٹ کو بھی 'پیپر لیس' بنائے گی۔

تقریب کے آخر میں شرکاء کو اعزازی شیلڈز بھی  پیش کی گئیں، سی اے اے کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ائیر وائس مارشل تیمور اقبال نے شیلڈ وصول کی۔

سول ایوی ایشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی ٹی سول ایوی ایشن خالد برلاس اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ جعفر عباس چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن زوہیب خان، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، چیمبر آف کامرس نمائندے بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :