08 نومبر ، 2022
سابق کرکٹر اور کوچ آئر لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم ایڈ جوئس کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ بہت اچھی ہے ۔ مجھے امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جیت سکتی ہے۔
ایڈ جوئس آئر لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں ، وہ ان دنوں آئر لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے لاہور میں ہیں ۔
ایڈ جوئس نے جیو نیوز کو دیے جانے والے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ دیکھنے کے حوالے سے میرا فیورٹ ہے ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہت میچز میں سخت مقابلہ ہوا ہے ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے بھی کئی حیران کن میچز ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بھارت کے خلاف اچھا میچ ہوا ، نیدر لینڈز نے اس ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کی جس نے سیمی فائنل میں پہنچنا تھا اب سیمی فائنل کی اچھی لائن اپ ہے ،پاکستان کا سفر مجھے گزشتہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی یاد دلاتا ہے ، آسٹریلیا کا سیمی فائنل میں پہنچنا مشکل تھا پھر ورلڈ کپ جیتا ، مجھے امید ہے کہ اب پاکستان جیت سکتا ہے۔
آئر لینڈ نے فل ممبر بننے کے بعد 2018 میں پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا ، ایڈ جوئس اس آئر لینڈ ٹیم کا حصہ تھے ، انہوں نے کہا کہ میں کبھی کرکٹر کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ نہیں کر سکا ہوں ، اب میں بہت خوش ہوں کہ یہاں آیا ہوں ، پہلا ہفتہ ہم لطف اندوز ہوئے لیکن میچز ٹف رہے ہیں ، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلے دو میچز میں بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے ، ہمیں پاکستان ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔
ایڈ جوئس نے کہا کہ ہماری نوجوان کھلاڑی ہیں ، وہ ہر وقت سیکھنے کی کوشش کر رہی ہیں ،ہمیں امید ہے کہ اگلے ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں سہولیات شاندار ہیں ، خاص طور پر یہ کمپلیکس بہت اچھا ہے ، بڑے گراؤنڈ کے ساتھ اکیڈمی ہے ، گزشتہ روز ہم سب وہاں گئے ، اکیڈمی میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ٹریننگ کر رہے تھے ۔ میں بہت جیلس ہوا ، ہم بھی چاہیں گے کہ ہمارے ہاں بھی اس طرز کی سہولیات ہوں ، اگرچہ یہ مشکل ہے کیونکہ اس کے لیے پیسے درکار ہیں ، ممکن ہے کہ ہم مستقبل میں ٹریننگ پروگرام کا تبادلہ کریں ۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کل سڈنی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔