Time 11 نومبر ، 2022
کھیل

آل راؤنڈر فہیم اشرف قومی ٹیم میں کم بیک کیلئے پر امید

جب ٹیم سے باہر ہوں تو کم بیک کرنے میں مشکل ہوتی ہے، کم بیک کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے: جیو نیوز سے گفتگو/ فوٹو جیویوز
جب ٹیم سے باہر ہوں تو کم بیک کرنے میں مشکل ہوتی ہے، کم بیک کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے: جیو نیوز سے گفتگو/ فوٹو جیویوز

آل راؤنڈر فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کی کوشش یہی ہے کہ وہ قومی ٹیم میں کم بیک کریں اور امید کر رہے ہیں کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف اہم ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں ۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ اچھی جارہی ہے، میں مجموعی طور پر تین سنچریز بھی اسکور کر چکا ہوں، میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلوں، اب میں چونکہ قومی ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں تو اب ساری توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر ہےکیونکہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فٹنس اور اسکلز بہتر بنانے کا موقع ملتا ہے۔

فہیم اشرف نے تسلیم کیا کہ جب ٹیم سے باہر ہوں تو کم بیک کرنے میں مشکل ہوتی ہے، کم بیک کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے لیکن جب آپ دل سے محنت کر رہے ہوں نیت صاف ہو تو پھر آسانی بھی پیدا ہو جاتی ہے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک سیزن مکمل کھیلا ہو اور ٹیم بھی اچھا کر رہی ہو تو آئندہ آپ کو فائدہ ہوتا ہے، فٹنس بہتر ہو جاتی ہے اور خود پر اعتماد بھی بڑھ جاتا ہے۔

قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ آنے والے چند ہفتوں میں پانچ ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلے جائے گے، انگلینڈ کی ٹیم حال ہی میں پاکستان آئی اب ٹیسٹ کے لیے آ رہی ہے اسی طرح نیوزی لینڈ نے بھی آنا ہے،  ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی وجہ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ اہم ہیں، میں امید کر رہا ہوں کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بناؤں اور اس کے لیے میری اس وقت کوشش یہ ہی ہے کہ میں پاکستان ٹیم کا دوبارہ حصہ بنوں۔

واضح رہے آل راؤنڈر فہیم اشرف پاکستان کی جانب سے 14 ٹیسٹ 31 ون ڈے اور 41 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، انہوں نے آخری ٹیسٹ مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف کراچی، آخری ون ڈے میں انگلینڈ کے خلاف گزشتہ برس برمنگھم جب کہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اپریل 2021 میں ہرارے میں زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا، اس وقت فہیم اشرف ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔

مزید خبریں :