14 نومبر ، 2022
دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک جیف بیزوس نے اپنی دولت کا زیادہ تر حصہ فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایمازون کے بانی نے اپنی گرل فرینڈ لورین سانچر کے ساتھ سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ وہ اپنی زندگی کے دوران دولت کا بڑا حصہ عطیہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
بلومبرگ بلین ائیر انڈیکس کے مطابق دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص جیف بیزوس اس وقت 124 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔
جیف بیزوس نے بتایا کہ وہ دولت کے بڑے حصے کو موسمیاتی بحران سے لڑنے اور انسانیت کو متحد کرنے والے افراد کی معاونت کے لیے وقف کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دولت کو عطیہ کرنے میں سب سے مشکل چیز یہ تعین کرنا ہے کہ کس طرح اسے درست مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی گرل فرینڈ اس حوالے سے کام کررہے ہیں۔
جیف بیزوس نے کہا کہ 'آپ کو اس حوالے سے محتاط رہ کر سوچنا پڑتا ہے اور بہترین افراد کی ٹیم تیار کرنا ہوتی ہے'۔
یہ پہلی بار ہے جب جیف بیزوس نے اپنی دولت کے بڑے حصے کو فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
ماضی میں ایمازون کے بانی پر تنقید کی جاتی تھی کہ وہ بل گیٹس یا دیگر ارب پتی افراد کی طرح اپنی دولت کا بیشتر حصہ فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا وعدہ نہیں کررہے۔
جیف بیزوس کی سابق اہلیہ میکنزی اسکاٹ نے 2019 میں اپنی دولت کو فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا اور مارچ 2022 تک وہ ساڑھے 12 ارب ڈالرز مختلف فلاحی اداروں کو عطیہ کرچکی ہیں۔