16 نومبر ، 2022
کراچی کے علاقے سرسید ٹاؤن میں بہن کے جہیز کے زیورات گھر سے لے کر رفو چکر ہونے والا نوجوان پولیس کے ہاتھوں پکڑا گیا۔
ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق سرسید ٹاؤن پولیس نے دورانِ اسنیپ چیکنگ ایک مشتبہ شخص کو ہاتھ میں تھیلا لے کر جاتے ہوئے روکا۔ روکنے پر نوجوان بھاگنے لگا جس پر پولیس نے اس کا پیچھا کر کے پکڑ لیا۔ مشتبہ شخص کے تھیلے کی تلاشی لی گئی تو اس میں 2 سیٹ طلائی زیورات، 4 لاکھ 35 ہزار سے زائد نقد اور 27 ہزار کے پرائز بانڈ موجود تھے۔
مشتبہ شخص معلومات کرنے پر تسلی بخش جواب نہ دے سکا تو اسے تھانہ منتقل کیا گیا۔
دورانِ انٹیروگیشن مشتبہ شخص نے اپنا نام محمد خرم بتایا جس کا دماغی توازن درست معلوم نہیں ہو رہا تھا۔ پولیس کے مطابق دوران تفتیش خرم نے بتایا کہ اس نے یہ زیورات اور کیش اپنے ہی گھر سے چرائے ہیں جس پر پولیس اسے لے کر اس کے گھر پر پہنچی۔
تصدیق پر معلوم ہوا کہ یہ زیورات اور نقد رقم اس کی والدہ نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے جمع کر رکھے تھے جو ان کا بیٹا خرم گھر سے چوری کر کے لے گیا تھا۔
سر سید پولیس نے برآمدہ سامان اور خرم کو گواہوں کی موجودگی میں والدہ کے سپرد کر دیا جس پر انہوں نے سر سید پولیس کا شکریہ ادا کیا۔