17 نومبر ، 2022
کراچی: ماڑی پور میں مشتعل ہجوم نے بچے کو اغوا کرنے کے الزام میں ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بناکر مار ڈالا۔
پولیس کے مطابق مقتول نشے کا عادی اور نفسیاتی مسائل کا شکار شخص تھا، ایک شہری نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک شخص اس کا بچہ لے کر بھاگا تھا اور لوگوں نے اس شخص کو پکڑ کر تشدد کیا تو وہ ہلاک ہوگیا،ہلاک شخص کی شناخت حاتم کے نام سے ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول حاتم عبدالرحمان گوٹھ کا ہی رہائشی تھا جس کا شیرخان نامی شخص سے جھگڑا ہوا جس پر مقتول نے پتھر مارے جو شیرخان کے چھوٹے بچے کو لگا جس سے وہ زخمی ہوگیا، پتھر دوسرے لوگوں کو بھی لگے تھے، پتھر لگنے پر شیرخان اور عوام نے بھی مقتول پر پتھر برسائے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پتھر لگنے سے مقتول حاتم کی موت واقعہ ہوئی ہے،مقتول پر تشدد کرنے والے افراد نے بچے کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کا الزام لگایا تھا۔
پولیس نے گھر کے سربراہ شیرخان کو حراست میں لے لیا جب کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔