23 نومبر ، 2022
کراچی: پولیس اہلکار عبدالرحمان کے قتل میں ملوث ملزم کی بیرون ملک فرار کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق پولیس نے ایف آئی اے امیگریشن کو ملزم کی تفصیلات صبح ساڑھے 4 بجے فراہم کیں اور ملزم خرم نثار نے ائیرپورٹ سےبورڈنگ 4 بجکر 11منٹ پر کرالی تھی، ملزم ترکش ائیرلائن کی جس پرواز سےفرار ہوا وہ ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار تھی اور ملزم اس دوران ائیرپورٹ پر ہی موجود تھا۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ حکام نے تمام معلومات مل جانےکے باوجود کارروائی نہیں کی، اب ملزم خرم کے پاکستانی نژاد غیر ملکی قریبی عزیز سے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کےمطابق شہیدپولیس اہلکارکا خیابان بادبان پر ڈیوٹی کا پہلا دن تھا،اہلکاروں کو خیابان بادبان سےقبل خیابان تنظیم پر تعینات کیا گیا تھا۔
حکام نے کہا کہ پولیس کو ملنے والاموبائل اور سی سی ٹی وی سے تحقیقات جاری ہیں، پولیس کو واردات کے وقت وقوعہ سے گزرنے والے عینی شاہدین کی تلاش ہے کیونکہ شہید سپاہی عبدالرحمان کے ساتھ امین کے بیانات میں بار بار تضاد آرہا ہے، گاڑی میں لڑکی کی موجودگی کے ابھی تک شواہد نہیں ملےہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق تحقیقات ایس ایس پی ساؤتھ کی سربراہی میں 4 رکنی اسپیشل ٹیم کررہی ہے، اسپیشل ٹیم ایک ہفتے میں رپورٹ اعلیٰ حکام کوارسال کرےگی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے کہا کہ اہلکار کےقتل میں ملوث فرارملزم کو واپس لایا جائےگا اور ملزم کی گرفتاری اور واپسی کےلیےانٹرپول سےرابطہ کیاجائےگا۔