کراچی میں پولیس اہلکار کے قتل کا ملزم بیرون ملک فرار ہونے میں کامیاب

فوٹو:  اسکرین گریب
فوٹو:  اسکرین گریب

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل کا ملزم خرم بیرون ملک فرار  ہوگیا۔

 پولیس حکام نے تصدیق کی ہےکہ ملزم غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز  سے بذریعہ استنبول سوئیڈن روانہ ہوا۔

 پولیس حکام کے مطابق ملزم نے پاکستان سے روانگی کے وقت اپنا سوئیڈن کا  پاسپورٹ استعمال کیا۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں خرم نامی شخص کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کے مطابق ملزم خرم نثارکا آبائی گھرڈیفنس فیز 5 میں جائے وقوع کے قریب ہے، پولیس نے ملزم کے گھر چھاپہ مار کر اسلحہ اور دستاویزات برآمد کرلیں جب کہ چوکیدار کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

عرفان بلوچ نے بتایا کہ ملزم خرم نثار بیوی اور دو بچوں کے ساتھ سوئیڈن کا مستقل رہائشی ہے اور  اس کا دوسرا بھائی فیملی کے ساتھ فیصل آباد میں مقیم ہے، واردات میں استعمال گاڑی گھر پر چھوڑ کر ملزم دوسری کار میں فرار ہوگیا ہے جب کہ گھر سے ملے ایک پستول کا فارنزک کرایا جا رہا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق والدین نے بیان دیا انہیں نہیں معلوم کہ خرم کہاں ہے، ان کا کہنا تھا کہ والدین نے بیان دیا کہ خرم سال میں ایک دفعہ پاکستان آتا ہے، خرم پاکستان آکرکیا کرتا ہے نہیں معلوم، خرم کی حرکتوں کے ہم بالکل بھی ذمہ دار نہیں ہیں۔

مزید خبریں :