Time 27 نومبر ، 2022
پاکستان

مظفر آباد میں شراب سپلائی کا معاملہ، با اثر ملزمان کی رہائی کیلئے حکومت کا دباؤ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چیکنگ کے دوران شراب سپلائی کرنے والے 2 ملزمان کی مظفرآباد میں گرفتاری اور ان کی رہائی کیلئے حکومتی دباؤ، ملزمان کو رہا نہ کرنے پر ایس ایس پی کو ہٹا دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان کو مظفرآباد پولیس نے چیکنگ کے دوران گاڑی میں شراب سمیت گرفتار کیا، پولیس نے دونوں ملزمان کو تھانے منتقل کرکے مقدمہ درج کیا تو پولیس افسران کو دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق پہلے پی ایم ہاؤس آزاد کشمیر پھر براہ راست وزیراعظم نے ایس ایس پی کو دونوں افراد چھوڑنے کا حکم دیا۔

پولیس حکام کی جانب سے وزیراعظم کو رہائی خلاف ضابطہ بتائی گئی، صبح ضمانتیں کرانے کا کہا گیا مگر حکم عدولی پر وزیراعظم کے حکم پر ایس ایس پی مظفرآباد محمد یاسین بیگ کو ہٹاکر او ایس ڈی بنا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مظفرآباد پولیس نے ایس ایس پی کے تبادلہ کے خلاف ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن ڈیوٹی کرنے سے بھی منع کردیا ہے۔

افسران کے احتجاج پر الیکشن کمیشن نے فوری مداخلت کرتے ہوئے الیکشن کے دوران تبادلہ خلاف ضابطہ قرار دیا۔

الیکشن کمیشن نے ایس ایس پی مظفر آباد محمد یاسین بیگ کے تبادلے کا حکم معطل کرکے انہیں عہدے پر بحال کر دیا۔

رٹ بحال ہونے پر پولیس کی جانب سے الٹی میٹم واپس لے لیا گیا مگر ہفتے کی رات حکومت پھر ہٹ دھرمی پر آ گئی، وزیراعظم ہاؤس رات گئے ایس ایس پی مظفر آباد یاسین بیگ کا پھر سے تبادلہ کرنے پر بضد ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں آزاد کشمیر پولیس کا مورال ڈاؤن ہوا اور افسران اور ملازمین میں بددلی پھیل گئی ہے۔

مزید خبریں :