پاکستان
Time 27 نومبر ، 2022

آزاد کشمیر میں 31 سال کے بعد پانچویں بلدیاتی انتخابات کیلئے آج ووٹنگ ہوگی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آزاد کشمیر میں 31 سال کے بعد پانچویں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی میں آج ووٹ ڈالے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں کل 6 لاکھ 95 ہزار 49 ووٹرز ہیں جن میں سے خواتین ووٹرز کے تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 7 سو 47 ہے جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 3 سو دو ہے جو آئندہ 4 سال کیلئے مقامی حکومت کے 614 ممبران کا انتخاب کریں گے۔

مظفرآباد ڈویژن میں 614 بلدیاتی نشتوں پر 31 خواتین سمیت 2725 امید وار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 19 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے 575 امیدوار، پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے ٹکٹ پر 545 مسلم لیگ ن کے 465 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

آزاد کشمیر کی سب بڑی سیاسی جماعت مسلم کانفرنس کے صرف 113 امید وار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں تحریک لبیک نے 67، جماعت اسلامی نے 46 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے جبکہ آزاد امیدوار کے طور 900 امید وار بھی میدان میں ہیں۔

آزاد کشمیر بھر میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار مکمل ہونے کے بعد منتخب کونسلرز اپنی اپنی یونین اور ڈسٹرکٹ کونسلز، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز اور ٹاؤن کمیٹیز میں ساڑھے 12 فیصد کے حساب سے ایک خاتون اور ایک نوجوان کونسلر کا انتخاب کریں گے۔

اگلے مرحلے پر کارپوریشنز کے میئر اور ڈپٹی مئیرز جبکہ میونسپل کمیٹیز ٹاؤن کمیٹیز، یونین کونسلز اور ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔

مقامی حکومتیں قائم ہو جانے کے بعد آزاد جموں کشمیر اسمبلی کے ممبران کے بجائے ترقیاتی فنڈز مقامی کونسلز کے ذریعے خرچ ہوں گے اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوجانے کی وجہ سے اسمبلی اپنے اصل مینڈیٹ قانونسازی اور پالیسیاں بنانے کا فریضہ سرانجام دیا کرے گی۔

مزید خبریں :