Time 29 نومبر ، 2022
پاکستان

کراچی: پولیس کا بینک سے بھاری رقم لیکر جانیوالے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدام

کراچی کے تھانہ ٹیپو سلطان پولیس نے بینک سے بھاری رقم لے کر نکلنے شہریوں کو ڈاکوؤں سے بچانے کے لیے منفرد  اقدام اٹھایا ہے۔

کراچی میں بینکوں سے بھاری رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے کی وارداتیں معمول بنتی جارہی ہیں اور  ایسے میں کراچی ایسٹ کی ٹیپو سلطان پولیس نے شہریوں کو وارداتوں سے بچانے کیلئے منفرد اقدام کیا ہے جس سے شہریوں اور ان کی رقوم کو تحفظ ملنے کے امکانات ہیں۔ 

ایس ایچ او تھانہ ٹیپو سلطان انسپکٹر عظمیٰ خان کے مطابق ان کے تھانے کی حدود میں 50 سے زائد بینک اور غیرملکی کرنسی کا کام کرنے والے دفاتر ہیں، انہوں نے اپنے تھانے کی حدود میں واقع تمام بینکوں اور دفاتر کی انتظامیہ سے ذاتی طور پر ملاقاتیں کرکے انہیں تحریری طور پر حفاظتی انتظامات اور سکیورٹی خدشات آگاہ کردیا ہے۔ 

پولیس کے مطابق انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ ان کے بینک سے اگر کوئی کھاتے دار 3 لاکھ روپے سے زائد رقم کا چیک جمع کرائے یا منی چینجر سے کرنسی تبدیل کرائے تو کھاتے دار کو رقم کی ادائیگی سے قبل تھانے میں آگاہ کیا جائے تاکہ ایسے کھاتے دار کو محفوظ طریقے سے رقم کے ساتھ ان کی منزل تک پہنچنے کا حفاظتی بندوبست کیا جا سکے۔ 

ایس ایچ او ٹیپو سلطان نے بینکوں کا وزٹ بھی معمول بنایا ہے اور پولیس کی جانب سے تمام بینکوں میں آگاہی کے ایسے نوٹسز بھی نمایاں طور پر چپساں کرائے گئے ہیں جس پر ایس ایچ او تھانہ ٹیپوسلطان، ہیڈ محرر اور ڈیوٹی منشی کے موبائل نمبرز بھی درج ہیں۔ 

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں واقع بینکوں سے رقوم نکلواتے وقت پولیس کی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں :