06 دسمبر ، 2022
ملتان کی وکٹ کیسی ہوگی ؟ کیا پنڈی کے جیسی ہوگی ؟ یہ سب سوال پاکستان کرکٹ شائقین کے ذہن میں گھوم رہے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں ملتان پہنچ گئیں، ملتان میں دھند کے باعث دونوں ٹیموں کو تین گھنٹے تاخیر سے اسلام آباد سے ملتان کیلئے روانہ ہونا پڑا ٹیمیں ملتان پہنچیں تو انہیں سخت سیکورٹی حصار میں ائیرپورٹ سے ہوٹل لے جایا گیا۔
ٹیموں کی ملتان آمد سے قبل ہی اطراف کی سڑکیں بند کردی گئیں تھیں، جس کی وجہ سے ملتان کے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، دونوں ٹیمیں بدھ سے ملتان اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔
پنڈی پِچ پر رنز کے انبار لگے تو پِچ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، خود پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ اور کپتان بابر اعظم پِچ سے خوش دکھائی نہیں دیے تھے، یہ ہی وجہ ہے کہ ملتان اسٹیڈیم کی پِچ کو بہتر بنانے کیلئے بیٹنگ کوچ محمد یوسف پنڈی ٹیسٹ ختم ہونے سے قبل ہی ملتان پہنچ گئے۔
پیر کے روز بھی محمد یوسف ملتان اسٹیڈیم میں چیف کیوریٹر ریاض احمد اور گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ ملاقاتیں کرتے نظر آئے، اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ندیم خان بھی موجود تھے،جن کی نگرانی میں گراؤنڈ اسٹاف پِچ کی تیاریوں میں مصروف رہا۔
پیر کے روز ملتان میں تیز دھوپ نہ ہونے کی وجہ سے پِچ کو کھولا رکھا گیا،تیز دھوپ پِچ کی تیاری میں بڑی مدد گار ثابت ہوتی ہے کیونکہ دھوپ کی وجہ سے پِچ سوکھتی ہے اور ٹوٹتی بھی ہے۔
ملتان میں دھند کا دورانیہ بڑھتا چلا جارہا ہے جس کی وجہ سے ٹیسٹ متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے ، دھند پہلے 8 بجے کے بعد کم ہونا شروع ہوجاتی تھی لیکن پیر کے روز دھند صبح 10 بجے تک برار رہی اور اس کے بعد کم ہونا شروع ہوئی اگر یہ سلسلہ برقرار رہا تو ملتان ٹیسٹ کا پہلا اور آخری سیشن دھند سے متاثر ہوسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی پچ پر کافی تنقید کے بعد دوسرے ٹیسٹ کے لیے وکٹ کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
گراؤنڈ اسٹاف کا کہنا ہے پوری کوشش کریں گے کہ ایسی وکٹ بنائيں جو عوام کی میچ میں دلچسپی برقرار رکھے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
پنڈی ٹیسٹ میں پچ پر ہونے والی تنقید کے بعد پی سی بی پر کافی دباؤ ہے، ٹیم انتظامیہ اور پی سی بی ایسی پچ بنانا چاہتے ہیں جس پر پاکستانی بولروں کو ایڈوانٹیج ملے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 9 سے 13 دسمبر تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔