06 دسمبر ، 2022
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کے بھرپور کم بیک کی حوصلہ افزائی کی۔
ذرائع کے مطابق رمیز راجا نے قومی کرکٹرز سے کہا کہ انگلینڈ آپ کو ہوم گراؤنڈ پر نہیں پکڑسکتا، جیتنے کی سوچ رکھو اور ملتان ٹیسٹ جیتو، ملتان میں پکڑو انہیں اور سیریز میں واپس آؤ۔
اس کے علاوہ رمیز راجا نے حارث رؤف سے انجری کے بارے میں بھی پوچھا۔
دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس اسلام آبادمیں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے اعزاز میں تقریب ہوئی۔
تقریب سے خطاب میں رمیز راجا نے انگلش ٹیم کو پنڈی ٹیسٹ میں کامیابی پر مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کی اپروچ برینڈن مک کولم کے آنے سے تبدیل ہوئی، انگلش ٹیم کی جیت کا کریڈٹ کوچ کو جاتا ہے۔
پی سی بی چیئرمین نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کا ملتان میں بھرپور مقابلہ کرے گی، دوسرے ٹیسٹ میں ایک نئی کرکٹ نظر آئے گی۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
کھیل کے آخری روز انگلینڈ کے 343 رنزکے رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 268 رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔ انگلش ٹیم نے 22 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے، انگلینڈ نے اس سے قبل دسمبر 2000 میں کراچی میں پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرایا تھا۔