دنیا
Time 08 دسمبر ، 2022

روس کسی صورت ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے میں پہل نہیں کریگا، پیوٹن نے واضح کر دیا

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے واضح کیا ہے کہ ایٹمی جنگ کا خطرہ ضرور  بڑھ رہا ہے لیکن روس کبھی بھی ایٹمی ہتھیار  استعمال  کرنے میں پہل نہیں کرے گا۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق روس کے  ہیومن رائٹس کونسل کے سالانہ اجلاس میں بات کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ ایٹمی جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے لیکن ہم کبھی ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے میں پہل نہیں کریں گے۔

روسی صدر نے اصرار کیا کہ روس صرف دوسرے ملک کی جانب سے کیے جانے والے حملے کے جواب میں ایٹمی ہتھیار استعمال کرے گا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوکرین میں جنگ ایک طویل عمل ہو سکتا ہے۔

رواں سال فروری میں یوکرین میں  جنگ شروع کرنے کے بعد روس کی جانب سے ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کا خدشہ بڑھ گیا تھا۔ 

تاہم ایٹمی جنگ کے  امکان کے بارے میں بات کرتے ہوئے  پیوٹن نے کہا کہ اس  کا خطرہ بڑھ رہا ہے، اسے چھپانا غلط ہوگا لیکن روس کسی بھی حالت میں پہلے  ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال نہیں کرے گا اور اپنے جوہری ہتھیاروں سے کسی کو دھمکی نہیں دے گا۔

روسی صدر نے اس بات پر بھی فخر کیا کہ روس کے پاس دنیا کے سب سے جدید ترین جوہری ہتھیار ہیں۔

مزید خبریں :