20 دسمبر ، 2022
ایف آئی اے نےکوئٹہ میں منی ایکسچینج سینٹر میں کارروائی کرتے ہوئے حوالہ وہنڈی میں ملوث دکانوں کو سیل کردیا جس پر دکانداروں اور تاجروں نے احتجاج کیا اور ایف آئی اے اہلکاروں کو قبضے میں لی گئی رقم لے جانے سے روکنےکی کوشش کی۔
کوئٹہ میں شارع اقبال پر واقع منی ایکسچینج سینٹر میں آج دوپہرکو حوالہ و ہنڈی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے ایف آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مارا جس کے دوران حوالہ و ہنڈی کےحوالےسے ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا، اس دوران تقریباً ایک کروڑ روپےکی رقم برآمدکی گئی اور چند دکانوں کو سیل بھی کردیا گیا۔
اس دوران میڈیا کی ٹیمیں کوریج کے لیے ڈی ایس این جیز کے ہمراہ منی ایکسچینج سینٹر پہنچ گئیں، ایف آئی اے کی ٹیم کارروائی کے بعد وہاں سے روانہ ہونے لگی تو تاجر مشتعل ہوگئے اور انہوں نے سینٹرکا گیٹ بند کردیا جس سے ایف آئی اے کی ٹیم اور میڈیا کے نمائندے وہاں محصور ہوگئے۔
دوسری جانب باہر موجود مشتعل تاجروں نے جیو نیوز اور دیگر نجی چینلز کی ڈی ایس این جیز کو نقصان پہنچایا اور چاقوؤں سے وار کرکے ان کے ٹائر پھاڑ دیے، ایف آئی کی گاڑی پر پتھراؤ بھی کیا۔
مشتعل تاجروں نے منی ایکسچینج سینٹر کےباہر شارع اقبال کو ٹائر جلا اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بلاک بھی کردیا۔
ان کا کہناتھاکہ ایف آئی اے سے ضبط کی گئی رقم واپس لیے بغیر منی ایکسچینج سینٹر سے جانےنہیں دیں گے، تاہم اینٹی رائٹ فورس کےعلاوہ پولیس کی بھاری نفری بھی وہاں پہنچ گئی جس نےمشتعل تاجروں پر ہلکا لاٹھی چارج کیا اور ایف آئی اے کی ٹیم اور میڈیا کے نمائندوں کو سینٹر سے باہر نکالا،بعد میں تاجر منتشر ہوگئے اور شارع اقبال پر ٹریفک بحال کردی گئی۔