28 دسمبر ، 2022
بھارت میں جیل میں کینٹین کے کھانے کا معیار زیادہ اچھا ہونے پر جیل وارڈن کو اپنے ہی ساتھیوں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کی جیل میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیل انچارج مکیش دوبے کو ساتھیوں کی جانب سے لاٹھیوں سے مارا پیٹا جارہا ہے جب کہ قریب کھڑے لوگ تماشہ دیکھ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وارڈن مکیش دوبے کی جانب سے واقعے کی تفصیلات بتائی گئیں کہ ان کے اور ساتھیوں کے درمیان بحث تب شروع ہوئی جب ساتھیوں کی جانب سے جیل کے کھانے کا معیار اچھا ہونے پر اعتراض کیا گیا۔
وارڈن کے مطابق ساتھیوں کا کہنا تھا کہ جیل کی کینٹین میں اچھا اور معیاری کھانا ملتا ہے جس کے باعث لاگت زیادہ آتی ہے اور فروخت کم ہوتی ہے، اس لیے انہوں نے کھانے کے معیار کو گرانے کے لیے دباؤ ڈالا تاکہ لاگت کم لگے اور منافع بھی ہو۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پانچ پولیس اہلکاروں کو نوکری سے معطل اور مکیش کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔