09 دسمبر ، 2012
کراچی… ملک کے ممتاز شاعر انور شعور نے آرٹس کونسل کا مشاعرہ لوٹ لیا۔ آرٹس کونسل کا تھیٹر واہ واہ کی داد سے گونج اٹھا۔علاوہ ازیں ملک کے ممتاز بزرگ شاعر رسا چغتائی نے کہا ہے کہ مشاعرے ہماری تہذیب وثقافت کے آئینہ دار ہیں۔مشاعرے کی روایت بہت پرانی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی پانچویں عالمی اردو کانفرنس کے موقع پر منعقدہ عالمی مشاعرے میں اپنے صدارتی خطبے میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کرا چی کے عوام اشعار پر داد دینے کا فن جانتے ہیں۔اور یہاں مشاعرہ پڑ ھنے میں اپنا ہی مزا ہے۔اس موقع پر ممتاز شاعر ڈاکٹر پیر زادہ قاسم ،کشور ناہید،فرہاد زیدی،پروفیسر شاہدہ حسن،ڈاکٹر فاطمہ حسن،سعود عثمانی، ایوب خاور، لیاقت علی عاصم،یاد صدیقی،خالد معین،ریحانہ روحی،حمیرا راحت،زہرا جنید،غزل انصاری،عمیر علی انجم،سلیم کوثر،صابر ظفر اور ناصر زبیری نے اپنا کلام پیش کر کے زبردست داد و تحسین وصول کی۔دریں اثناء آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے تمام شعراء کو خوش آمدید کہا ،مشاعرے کی نظامت سردار خان نے خوبصورت انداز میں کی۔