30 دسمبر ، 2022
پاکستان کسٹمز کے عملے نے خفیہ اطلاع پر مقامی ریسٹورنٹ کے مالک کی مہنگی ترین نان کسٹم پیڈ گاڑی کلفٹن میں ایک شاپنگ مال کے بیسمنٹ میں چھاپا مار کر برآمد کرلی۔
ذرائع کے مطابق کارروائی پاکستان کسٹمز انٹیلی جنس کے عملے نے کلفٹن کے معروف شاپنگ سینٹر اوشین مال میں کی۔
نان کسٹم پیڈ لیکسس گاڑی مال کے بیسمنٹ میں چھپائی گئی تھی۔ ذرائع پاکستان کسٹمز کے مطابق کسٹمز کے عملے نے مال کے بیسمنٹ سے نان کسٹم پیڈ لیکسز گاڑی ضبط کی جس کی برآمدگی کے وقت اس پر جعلی نمبر پلیٹ BF-4581 لگی تھی۔
سندھ ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے آن لائن ڈیٹا ریکارڈ کے مطابق نمبر پلیٹ BF-4581 ٹویوٹا لینڈ کروزر 4700 ہارس پاور گاڑی کو سال 2014 میں الاٹ کی گئی تھی جو میٹروپول اکیڈمی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
پاکستان کسٹمز ذرائع کے مطابق برآمد کی گئی مہنگی گاڑی ریسٹورنٹ کے مالک عاطف کے زیر استعمال تھی، کسٹمز نے مزید کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔