31 دسمبر ، 2022
پاکستان ویمن ٹیم کی پلیئر ندا ڈار نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ 2022 میرے لیے بہت زبردست گزرا، پی سی بی کوچنگ اسٹاف اور ساتھی کرکٹرز نے بہت سپورٹ کی۔
ندا ڈار نے کہا کہ میری کارکردگی میں بسمہ معروف کا بھی اہم کردار ہے، بسمہ کے ساتھ کافی پارٹنرشپس لگیں، عالیہ کے ساتھ بھی شراکت رہی، بہت اچھا سال رہا، دوسری لڑکیوں کو بھی میری کارکردگی سے حوصلہ ملا۔
ندا ڈار نے کہا کہ ہمیشہ بطور آل راؤنڈر پاکستان کیلئے بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش رہی، 2019 میں کم بیک کے بعد سے بہت اچھا سفر جا رہا ہے، ایوارڈز اور اس کیلئے نامزدگی سے ہمیشہ مزید بہتر کرنے کا حوصلہ ملتا ہے، کوشش ہے کہ آئندہ آنے والے برسوں میں بھی ایسی کارکردگی دکھاؤں۔
انہوں نے کہا کہ بہترین پلیئر کیلئے نامزد ہونا بھی بڑی بات ہے، اللہ نے چاہا تو ایوارڈ بھی ملے گا، 2022 میں ایشیا کپ میں انڈیا اور کامن ویلتھ گیمز میں بارباڈوس کیخلاف پرفارمنس یادگار ہیں، کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی بہترین آل راؤنڈر بنوں۔
ندا ڈار نے مزید کہا کہ عالمی آل راؤنڈر رینکنگ میں ساتواں نمبر ہے، ٹاپ ٹو میں آنا چاہتی ہوں، خواہش ہے کہ مزید دو سال پاکستان کیلئے کھیلوں، ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا سے سیریز تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی، اچھی ٹیم کیخلاف کھیل کر ہمیں اعتماد بھی ملے گا اور کھیل بہتر ہوگا۔