01 جنوری ، 2023
سال 2022 کی تمام تر رعنائیاں اورآب و تاب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا اور نئے سال 2023 کا آغاز ہوگیا۔
12 بجتے ہی سال نو کے آغاز کے ساتھ ملک بھر میں آتش بازی اور جشن کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کراچی میں سال 2023 کا آغاز ہوائی فائرنگ، دھماکوں اور پٹاخوں کے ساتھ ساتھ ہلے گلے سے ہوا۔
کراچی میں ساحل سمندر، نمائش چورنگی اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سمیت دیگر مقامات پر نوجوانوں نے آتش بازی کی اورجشن منایا۔
سال نو کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد فائیو اسٹار چورنگی پر جمع ہوئی اور نئے سال کو خوش آمدید کہا۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالا سمیت دیگر شہروں میں منچلے سڑکوں پر نکل آئے۔
دوسری جانب سال نو کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارک باد دی اور کہا کہ دعا ہے 2023 انسانیت کی فلاح و بہبود اورخوش حالی کا باعث بنے، 2023 میں پاکستان کو معاشی و سیاسی استحکام کی طرف لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2022 پاکستان کیلئے تلخ و شیریں ثابت ہوا، 2022 میں سیلاب کی تباہ کاریوں نےمسائل اور تکالیف میں اضافہ کیا، 2023 میں 3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی زندگیوں میں اجالے کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ نئے سال میں دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت ہمہ جہت چیلنجوں کاسامنا ہے، نئے سال کو اپنے نوجوانوں کیلئے مواقع کا سال بنائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھاکہ دعا ہے نیا سال مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔
ان کا کہنا تھاکہ نئے سال پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔