Time 01 جنوری ، 2023
پاکستان

سال نو پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے 22 افراد زخمی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سال نو کے موقع پر کراچی میں پولیس کی بھرپورانسدادی مہم کے باوجود مختلف علاقوں میں شدید ہوائی فائرنگ کے باعث گولیاں لگنے سے ایک کمسن بچے اور عورتوں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔

سال نو کے موقع پر کراچی میں پہلا واقعہ صدر میں سینٹ پیٹرکس اسکول کے قریب پیش آیا، جس کے بعد گارڈن، عثمان آباد، لائٹ ہاؤس کمپاؤنڈ، سول اسپتال کے قریب راجہ مینشن، نارتھ ناظم آباد، حسین آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، فائیو اسٹار چورنگی، کشمیر کالونی، کھارادر، الآصف اسکوائر، عید گاہ، سومرا گلی اور دیگر علاقوں سے رات گئے تک عباسی شہید اسپتال، سول اسپتال اور جناح اسپتال میں زخمیوں کو لائے جانے کا سلسلہ جاری رہا۔

کراچی پولیس نے سال نو کے موقعے پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو پولیس اہلکاروں سمیت 17 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی گلشن ڈویژن سلیم شاہ کے مطابق گلشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

سلیم شاہ نے بتایا کہ دو ملزمان کو گلشن اقبال جبکہ ایک کو شارع فیصل سے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ سٹی ڈسٹرکٹ میں فائرنگ کرنے والے دو پولیس اہلکاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے اب تک ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ملوث 17 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، پولیس کارروائیوں کے دوران سٹی ڈسٹرکٹ سے 11، ڈسٹرکٹ ایسٹ سے 3 جبکہ ڈسٹرکٹ کورنگی سے بھی 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

چھیپا ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کوچھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہوائی فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہونے والے 8 افراد کو سول اسپتال، 4 کو جناح جبکہ 10 افراد کو طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :