01 جنوری ، 2023
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ 2023 کیلئے منتخب بھارتی کرکٹرز کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں بورڈ کے عہدیداران، سلیکٹرز، کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما نے شرکت کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اجلاس میں ورک لوڈ منیجمنٹ کی پالیسی پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اہم کھلاڑیوں کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کو محدود رکھا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ورک لوڈمنیجمنٹ کے تحت کھلاڑی انٹرنیشنل سیریز کے بجائے مقامی لیگ کو چھوڑ سکتے ہیں اور ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑی ورک لوڈ منیجمنٹ کے تحت آئی پی ایل کے کچھ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ورلڈ کپ 2023 کے لیے 20 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا، بی سی سی آئی شارلٹ لسٹ کھلاڑیوں کا بغور جائزہ لیتا رہے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کی ٹیموں میں سلیکشن کے لیے یویو ٹیسٹ اور ڈیکسا کو لازمی قرار دے دیا گیا جبکہ ایمرجنگ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کو لازمی قرار دیا گیا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما کو عہدوں سے نہیں ہٹایا جا رہا۔