10 دسمبر ، 2012
کراچی …کراچی میں محمود آباد کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیداروں سمیت 15 سے زائد افراد کوحراست میں لیا گیا ہے۔آپریشن کے دوران چھوٹے اور بڑے ہتھیار بھی برآمد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔رینجرز ذرائع کے مطابق محمود آباد کے علاقے کارپوریشن گیٹ، محمود آباد ایک نمبر، دو نمبر، ریلوے پھاٹک ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسٹاف کالونی اور اطراف کے علاقوں میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کرکے 15 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لئے گئے افراد میں سیاسی جماعت کے تین علاقائی عہدے دار بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق محمود آباد آپریشن کے دوران چھوٹے اور بڑے اقسام کے ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ حراست میں لیے جانے والے افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسٹاف کالونی میں آپریشن کے دوران سیاسی جماعت کے عہدے دار کے گھر سے کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہے۔