10 دسمبر ، 2012
کراچی …کراچی کے علاقوں محمود آباد اور پاک کالونی میں رینجرز نے آپریشن کے دوران سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیداروں سمیت مجموعی طور پر 22 افراد کو حراست میں لے لیا۔آپریشن کے دوران اسلحہ بھی برآمد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔رینجرز ذرائع کے مطابق محمود آباد کے علاقے کارپوریشن گیٹ، محمود آباد نمبر ایک اور نمبر دو ، ریلوے پھاٹک ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسٹاف کالونی اور اطراف کے علاقوں میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کرکے 15 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لئے جانے والوں میں سیاسی جماعت کے تین علاقائی عہدے دار بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران مختلف اِقسام کے ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسٹاف کالونی میں آپریشن کے دوران سیاسی جماعت کے عہدے دار کے گھر سے کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہے۔ایک اور کارروائی کے دوران رینجرز نے پاک کالونی میں آپریشن کرکے سات ملزمان کو حراست میں لے لیا۔رینجرز ذرائع کے مطابق حراست میں لئے گئے ملزمان سے دو دستی بم ، واکی ٹاکی سیٹ ، دوربین ، نائن ایم ایم پستول اور 25 کلو گرام حشیش برآمد ہوئی۔ جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔