04 جنوری ، 2023
انگلینڈ کی یارکشائر کرکٹ کاؤنٹی کی انڈر 15 ٹیم کی بولنگ آل راؤنڈر ایمان آفندی نے لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کے تجربے کو شاندار قرار دیا ہے۔
ایمان آفندی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی ایک دوست سے لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے بارے میں سنا جبکہ لاہور قلندرز اور یارکشائر کرکٹ کاؤنٹی کے آپس میں روابط بھی ہیں، اس لیے مجھے لگا کہ یہاں کھیل کر میں اچھا تجربہ حاصل کر سکتی ہوں۔
ایمان آفندی نے کہا کہ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر شاندار ہے، مجھے یہاں کھیل کر بہترین تجربہ حاصل ہوا ہے، کوچنگ ٹیم بہت اچھی ہے، سہولیات شاندار ہیں، قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں سہولیات ہر عمر کے شخص کیلئے ہیں، ہر کوئی یہاں آکر اپنا ٹیلنٹ شو کیس کر سکتا ہے اور پی ایس ایل اور فرنچائز کرکٹ میں یہ تجربہ کام آسکتا ہے۔
ایمان آفندی کا کہنا ہے کہ یہاں پچز اچھی ہیں، اسپنرز کو مدد ملتی ہے، اسپنرز کے خلاف پریکٹس کر سکتے ہیں، خامیوں پر قابو پانے اور تکنیکی طور پر مضبوط ہونے کا موقع ملتا ہے ،جبکہ اینالسٹ کھلاڑیوں کو مہارت بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے کھیلنے کا معیار بھی اچھا ہے، مجھے ان کے ساتھ میچز کھیلنے اور سیکھنے کا موقع ملا۔
اس حوالے سے لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا کا کہنا ہے کہ ایج گروپ لڑکی کا قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں آکر سیکھنا اچھا لگا، بیرون ممالک سے پلئیرز کا آنا قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ثمین رانا نے کہا کہ مستقبل میں مزید غیر ملکی کھلاڑی قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں آئیں گے، تمام ایج گروپ کے کھلاڑیوں کو اسی طرح سہولیات فراہم کرتے رہیں گے ۔