Time 07 جنوری ، 2023
پاکستان

کراچی میں غیرملکیوں کو لوٹنے والا ملزم گرفتار، اہم دستاویزات برآمد

ملزم کی نشاندہی پر واردات میں لوٹا گیا مدعی کا کینیڈین پاسپورٹ، کریڈٹ کارڑ اور دیگر بینک کارڈز برآمد کر لیے گئے: پولیس۔ فوٹو جیو نیوز
ملزم کی نشاندہی پر واردات میں لوٹا گیا مدعی کا کینیڈین پاسپورٹ، کریڈٹ کارڑ اور دیگر بینک کارڈز برآمد کر لیے گئے: پولیس۔ فوٹو جیو نیوز

کراچی میں شارع فیصل پر منی چینجر سے 23 لاکھ روپے لے کر نکلے غیر ملکی باشندوں کو لوٹنے والے ملزم کو ٹیپو سلطان پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کراچی میں کرسچن فیلو شپ کے لیے بطور بائبل ٹیچر کام کرنے والے کینیڈین شہری کیون رچرڈ ملر اور ان کے ساتھی نے 18 نومبر کو شارع فیصل پر واقع منی چینجر سے غیر ملکی کرنسی تبدیل کرائی، وہ رقم لیکر رکشے میں پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں دفتر کے باہر پہنچے تو موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے ان سے 22 لاکھ 80 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ٹیپو سلطان تھانے کی ایس ایچ او انسپکٹر عظمیٰ خان کی ٹیم نے اس واردات کا سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی معاون سے سراغ لگایا، تحقیقات سے پتہ چلا کہ اس ڈکیتی میں مدعی سے رقم ملزم آصف عرف باس نے لوٹی تھی جسے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے گرفتار کیا گیا۔

فوٹو جیو نیوز
فوٹو جیو نیوز

ملزم کی نشاندہی پر واردات میں لوٹا گیا مدعی کا کینیڈین پاسپورٹ، کریڈٹ کارڑ اور دیگر بینک کارڈز برآمد کر لیے گئے، مدعی کیون رچرڈ ملر کا رقم کا بیگ اور متعدد موبائل فونز بھی برآمد ہوئے۔

ایس ایچ او ٹیپو سلطان انسپکٹر عظمیٰ خان کے مطابق واردات کے وقت موٹر سائیکل چلانے والا ملزم سلمان عرف سلو شارع فیصل پر مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے، گرفتار ملزم آصف عرف باس بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے میں بھی ملوث رہا۔

فوٹو جیو نیوز
فوٹو جیو نیوز

عظمیٰ خان کے مطابق آصف عرف باس عادی جرائم پیشہ ہے، پہلے بھی متعدد بار گرفتار ہو چکا ہے جسے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :