11 دسمبر ، 2012
لاہور…وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک آج کرپشن کی سیڑھی پر چڑھتا جا رہا ہے ، اربوں کی کرپشن کا حساب دینے والا کوئی نہیں ،حکومت کس کو دھوکہ دے رہی ہے ، ہم نے احتساب کا کڑا نظام نافذ نہ کیا تو ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا اور منصفانہ احتساب نہ ہوا تو ملک اور قوم میں واضح تفریق پڑ جائے گی ایک طرف امیر کا پاکستان ہو گا ۔الحمرا ہال لاہور میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھاکہ کرپشن کی لوٹ مار سے کمایا جانیوالا پیسہ قو م کی امانت ہے ،ہم نے اپنے ہاتھوں سے اپنا حال خراب کر لیا۔ منصفانہ احتساب نہ ہوا تو ملک اور قوم میں واضح تفریق پڑ جائے گی ایک طرف امیر کا پاکستان ہو گا تو دوسری طرف غریب کا پاکستان ،شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو غربت اور بھکاری پن سے نکالنے کیلئے لوٹی ہوئی دولت وطن واپس لانی ہو گی۔ خدا کرے صدر آصف زرداری نے صدق دل سے ملالہ یوسف زئی پر فرانس میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی ہو۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے فرانس ہی سے لی جانے والی آبدوزوں کی خریداری میں اربوں روپے کی کمیشن کھائی، صدر زرداری گئے تو ملالہ کانفرنس میں ہیں لیکن میری نظر میں ان کا مقصد کوئی اور ہے وہ انتہائی ادب سے کہتے ہیں کہ جناب زرداری صاحب آبدوزوں کی خرید میں کھائی جانے والی کروڑوں روپے کی کمیشن بھی فرانس سے واپس لے آئیں۔ انہوں نے اعلا ن کیا کہ لیپ ٹیپ اسکیم کا دائرہ ٹیوٹا اور ووکیشنل ٹریننگ تک بڑھایا جائے گا اور انہیں بھی لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔