13 جنوری ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو صرف ایک فارمیٹ کی ٹیم کا کپتان بنانے پر غور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ہوم سیزن کے اختتام پر ٹیم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینےکا فیصلہ کیا ہے، ہوم سیزن میں مایوس کن نتائج کے باعث ٹیم مینجمنٹ اور قیادت میں تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ تینوں فارمیٹ کے لیے الگ الگ کپتان بنانا چاہتا ہے، بورڈ بابر اعظم کو صرف ایک فارمیٹ کا کپتان رکھنے پر غور کر رہا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ایس ایل 8 کےبعد تینوں فارمیٹ میں قیادت کا فیصلہ کیا جائےگا، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور بولنگ کوچ شان ٹیٹ کے معاہدےکی مدت بھی فروری میں مکمل ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ آنے والے چند روز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بہت سے اہم فیصلے متوقع ہیں جس میں کپتان، کوچنگ اسٹاف اور مستقل چیف سلیکٹر کی تقرری بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے شان مسعود کو ون ڈے ٹیم کا نائب کپتان بنانےکا فیصلہ بھی اسی سلسلےکی کڑی ہے جبکہ تینوں فارمیٹ کا کپتان ہونے کی وجہ سے بابر اعظم کا اثر و رسوخ بہت زیادہ بڑھ گیا تھا اس لیے بورڈ نے ان کا بوجھ اور اثر و رسوخ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔